نگراں وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر مزید غور کرنے کی ہدایت کردی۔ کابینہ نے حج پالیسی 2024 کی منظوری دے دی، کابینہ نے اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
گیس نرخوں میں اضافے سے متعلق ای سی سی کے فیصلے کی توثیق نہ ہوسکی، کابینہ اجلاس میں ای سی سی فیصلوں کی توثیق زیر غور نہیں لائی گئی۔
اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) قائم کرے گا، کابینہ کو غیر قانونی افغان شہریوں کو نکالنے سے متعلق آرڈر پر بھی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فارن ایکٹ 1947 کے تحت تمام صوبوں کو بے دخلی آرڈر جاری کردیا، پولیس سمیت متعلقہ اداروں کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو حراست میں لینے کا پابند کیا ہے، معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائے گا، سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، پراسیکیوشن اور جیل انتظامیہ کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں، چاروں صوبوں میں گرفتار غیر ملکیوں کو رکھنے، بے دخل کرنے کیلئے خصوصی سینٹرز قائم کر دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کیلئے درخواستیں نومبر کے وسط تک طلب کر لی جائیں گی، آئندہ سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج پر جائیں گے، مجوزہ سرکاری حج پیکیج میں عوامی تجاویز پر کئی تبدیلیاں کر دی گئیں۔
پہلی بار اضافی رقم کے ساتھ 20 سے25 دن کا شارٹ حج پیکیج بھی متعارف کروایا جا رہا ہے، سمندرپار پاکستانیوں کیلئے اسپانسرشپ حج اسکیم جاری رکھی جائے گی، حج اخراجات کی ادائیگی ڈالرز میں کرنے کی صورت میں قرعہ اندازی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، مدینہ منورہ میں رہائش کیلئے 4 سے 8 دن کا انتخاب کیا جا سکے گا، شناخت کیلئے حجاج کو دیے جانے والے بیگ پر پاکستانی پرچم، کیو آر کوڈ اور کوائف درج ہوں گے۔
حج درخواستوں کے آن لائن اندراج کیلئے موبائل ایپ کا اجراء کیا جائے گا، اکانومی پیکیج ماضی کی طرح 40 دن پر ہی محیط ہوگا، سرکاری حج اسکیم کے تحت 90 ہزار سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔
Comments are closed.