نگراں وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اندازہ نہیں کہ پولیو ورکرز کتنی مشکلات سے اپنی ذمے داریاں انجام دیتے ہیں، عوام پولیو ورکرز کے ساتھ مہم چلانے میں بھرپور تعاون کریں۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کراچی میں سچل میڈیکل سینٹر میں انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر رہے ہیں، پولیو ورکرز بہت محنت کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ سندھ بھر میں انسداد پولیو مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی جس کے دوران 1 کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس سال پولیو کے 7 مثبت کیسز ملے جو افغانستان کے نمونوں سے ملتے جلتے ہیں، امید ہے کہ آئندہ ماحولیاتی نمونوں کے نتائج منفی آئیں گے، ہمارے مشترکہ تعاون سے پولیو جڑ سے ختم ہو سکے گا۔
نگراں وزیر صحت سندھ نے ایم ڈی کیٹ کا پرچہ لیک ہونے سے متعلق بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایم ڈی کیٹ کا پرچہ لیک ہونے کی خبریں افواہیں ہیں، پہلے لیک ہونے والے پرچے کی ایف آئی اے مکمل انکوائری کر رہا ہے۔
Comments are closed.