پیر 3؍صفر المظفر 1445ھ21؍اگست 2023ء

نگراں وزیرِ اعلیٰ کیلئے اچھے ناموں میں سے ایک کو منتخب کرنے میں مشکل ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کے لیے اچھے ناموں میں سے ایک کو منتخب کرنے میں مشکل ہو رہی ہے، امید ہے کہ آج رات بارہ بجے تک نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق ہوجائے گا۔

مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری کل اور پرسوں نگراں وزیرِ اعلیٰ کے لیے بات ہوئی ہے، ہم نے اچھے اچھے ناموں پر غور کیا ہے، اچھے ناموں میں سے ایک کو منتخب کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایک آدھ دن میں نگراں وزیرِ اعلیٰ آجائیں گے، نگراں وزیرِ اعلیٰ کے لیے دونوں طرف سے 12، 13 نام ہیں، دونوں طرف سے پیش کیے گئے تمام نام قابل احترام اور اچھے ہیں، آج رات بارہ بجے تک نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم آج حلف لیں گے، انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، آئین کی پاسداری کرتے ہوئے جلد الیکشن ہونے چاہئیں، اب وفاق اور صوبے میں نگران حکومت آ جائے گی، پھر ہم لوگوں کے پاس جائیں گے کہ ہمیں منتخب کریں، ہم نے سینڈزپٹ روڈ بنایا اور یہ سڑک مکمل کی ہے، یہ سڑک بنوا کر پورے کراچی کے لوگ کے لیے سہولت پیدا ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 1970 سے لے کر آج تک ہم سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے، جب ہمارا مینڈیٹ ہم سے چھینا گیا تو ہم نے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا، آئندہ الیکشن میں پورے پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں ہم کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھریں گے، بڑی مشکلات آئیں لیکن ہم نے عوام کی خدمت کی، ہمیں جو وفاق سے پیسے ملتے ہیں اس سے ڈیمانڈز پوری نہیں ہوتیں، ہم ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر کئی پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اللّٰہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور امن کا گہوارہ بنائے، آج کے دن ہمیں شہداء کو یاد رکھنا چاہیے، کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو آج کے دن یاد رکھنا چاہیے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گجرات کے قصائی نے کشمیر میں ظلم پھیلایا ہوا ہے، اللّٰہ کشمیریوں کو مودی کے عذاب سے نجات دے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل ایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے، ایک صحافی کو قتل کیا گیا، پولیس کو ہدایت کی ہے کہ انصاف ہونا چاہیے اور قاتل کو جلد گرفتار کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.