نگراں وزیرِ اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ کتابوں کا کلچر دنیا سے ختم ہو جائے تو دنیا سے تہذیب ختم ہو جائے گی، ای کتابوں کے آنے سے یہ اب منافع بخش کاروبار نہیں رہا۔
نگراں وزیرِ اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ نے ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری 18 ویں عالمی کتب میلہ 2023ء کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 2 سال میں کاغذ 4 گنا مہنگا ہو گیا یے، کاغذ سستا ہونا چاہیے، اس کے لیے سبسڈی دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک کتابوں کے آنے سے یہ اب منافع بخش کاروبار نہیں رہا، کتابوں کا کلچر دنیا سے ختم ہو جائے تو دنیا سے تہذیب ختم ہو جائے گی۔
احمد شاہ نے کہا کہ ہم بھی کتابیں ایک دوسرے سے لے کر پڑھتے تھے، ایک سال کتاب ہڑھنے کے بعد واپس لے لی جائے اور دوسرے بچوں کو دے دی جائے۔
انہوں نے حکومتِ سندھ اور آرٹس کونسل کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
نگراں وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو 1 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
محمد احمد شاہ نے یہ بھی کہا کہ ہم الیکشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، کل کے فیصلے کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، سیاسی جماعتوں کے تحفظات کبھی ختم نہیں کیے جا سکتے۔
Comments are closed.