نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے اوباڑو ضلع گھوٹکی میں محبت کی شادی کے پرانے تنازع کے تصفیہ کیلئے منعقدہ جرگے کا نوٹس لے لیا، جرگہ میں نابالغ لڑکی کو مخالف فریق سے شادی کرنے کی سزا سنائی گئی۔
مقبول باقر کی ہدایت پر گھوٹکی پولیس نے دو ملزمان ناصر اور مدد بھٹو کو گرفتار کرکے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پاک کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران کانسٹیبل کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو معاملے پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) باقر مقبول نے مارکیٹ میں جان بچانے والی ادویات کی قلت کا سخت نوٹس لے لیا۔
نگراں وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ باقر مقبول نے جان بچانے والی ادویات کی قلت اور مارکیٹ میں غیر معیاری ادویات سے متعلق گردش خبروں کے معاملے پر وزیر صحت ڈاکٹر سعد نیاز سے بات چیت کی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت ذخیرہ اندوزی میں ملوث ادویات فروشوں کے خلاف مہم شروع کرے گا۔
محکمہ صحت غیر معیاری ادویات بنانے اور فروخت کرنے والے مینوفیکچررز / ڈیلرز اور اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی بھی کرے گا۔
وزیراعلیٰ مقبول باقر نے کہا کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر صحت سے ڈینگی اور ملیریا کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں پروگراموں کو مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ بلدیات کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مچھر مار اسپرے شروع کریں۔
وزیراعلیٰ نے جھرک-ملاں کاتیار پل پر پیش آنے والے ایک سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جس میں 7 افراد ہلاک ہوئے، انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جائے اور زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب جانے والی مسافر بس پر فائرنگ کے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا جس میں 4 مسافر گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔
انہوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقے میں امن و امان برقرار رکھیں اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
Comments are closed.