نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک سے اسمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کردی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو ملکی معیشت کے حالیہ اعشاریوں سے آگاہ کیا گیا اور ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مختلف اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ ایران کے ساتھ تبادلے کی تجارت کی موجودہ پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نجی شعبے کے معروف صنعت کاروں نے بھی شرکت کی۔ تاجر برادری کے نمائندوں نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کی بحالی کے لیے نگراں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے تناظر میں فارن ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار کی روک تھام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو ملک سے اسمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے امیگریشن اور کسٹمز حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کو ہوائی اڈوں پر تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے گراں قدر خدمات قابل تعریف ہیں۔
اجلاس میں نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی، نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانا، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
Comments are closed.