پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم ایسا تگڑا ہو کہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) نہ بیٹھے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم غیرجانبدار اور تگڑا ہوناچاہیے تا کہ الیکشن کرائے، نگراں حکومت میں سیاسی لوگوں کو نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیکشن 230 میں ترامیم پر پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، اسپیکر نے جو کمیٹی بنائی تھی اس کو ڈسکس نہیں کیا گیا تھا۔
پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ نگراں حکومت کو منتخب حکومت والے اختیارات دینے پر پیپلز پارٹی کا اعتراض ہے، ہمارا موقف ہے کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جو حکومت ابھی چل رہی ہے نہیں پتا چل رہا نگراں ہے یا منتخب۔ امید ہے کہ ہم الیکشن کی طرف جارہے ہیں نئے معاہدے منتخب حکومت کرے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کو اسحاق ڈار کا نام نہ تو دیا ہے اور نہ ہی اس پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تین رکنی کمیٹی بنی ہے، اگلے ہفتے ن لیگ کے ساتھ ملاقات ہوگی، اس کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام سامنے آئیں گے۔
Comments are closed.