اتوار 28؍ذیقعد 1444ھ18؍جون 2023ء

نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان مراد کل حلف اٹھائیں گے

نو منتخب میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد کل حلف اٹھائیں گے۔

میئر اور ڈپٹی میئر کی تقریب حلف برداری کراچی میں گلشنِ جناح پولو گراؤنڈ میں ہو گی۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان میئر اور ڈپٹی میئر سے حلف لیں گے۔

حکام کے مطابق کل سندھ بھر میں ہیڈ آف کونسلز کی حلف برداری ہو گی،  کل سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور سلمان مراد 15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے تھے۔

نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی 25 دسمبر 1983 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے گورنمنٹ کامرس کالج سے تعلیم حاصل کی جبکہ قانون کی ڈگری یونیورسٹی آف لندن سے حاصل کی۔

کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے آرٹس کونسل کراچی میں پولنگ کا عمل ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کے لیے ووٹنگ کی گئی تھی۔

مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کو 160 ووٹ ملے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.