نویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس آج سپریم کورٹ اسلام آباد میں شروع ہو گی، کانفرنس کا مرکزی موضوع ️پاکستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے متعلق ہے۔
لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان، نیشنل جوڈیشل (پالیسی سازی) کمیٹی کے زیر اہتمام 9 ویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جو 23 اور 24 ستمبر 2022 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس کا مرکزی موضوع ️’’پاکستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے متعلق ہے، جس کا عنوان ’’انصاف کی فر اہمی : 75 سال- ماضی کی عکاسی اور مستقبل کی طرف دیکھنا‘‘ ہے۔
کانفرنس میں چیف جسٹسز، نامور ججز، اٹارنی جنرل پاکستان، بیرون ملک اور پاکستان سے ماہرین قانون، فقہ، اسکالرز، دانشور اور وکلا شرکت کریں گے۔
کانفرنس کا انعقاد اہم ترین شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے جن میں انصاف کی فراہمی میں مختلف شراکت داروں کے کردار، عالمی چیلنجز، تنازعات کے تصفیے کے طریقہ کار اور ڈیجیٹل ترقی کے دور میں انصاف کی فراہمی شامل ہیں۔
قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کے کردار، انصاف کی فراہمی میں پولیس، پراسیکیوشن، وکلا کے کردار، موجودہ عالمی چیلنجز اور عدلیہ کا ردعمل، اقتصادی چیلنجز اور تنازعات کے تصفیہ کے طریقہ کار، قانون سازی کا جواب اور مستقبل کے لیے روڈ میپ ، انصاف اور ڈیجیٹل ایڈوانسمنٹ کے موضوعات پر بات ہو گی۔
چیف جسٹس پاکستان، جسٹس عمر عطا بندیال کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے جو پہلے دن سیشن میں ’’قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنا برقرار رکھنے میں عدلیہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
Comments are closed.