اسلام آباد میں جولائی2021ء میں بے دردی سے قتل کی جانے والی نور مقدم کی 29 ویں سالگرہ پر بھائی علی محمد مقدم نے دلخراش پوسٹ شیئر کی ہے۔
بھائی کی جانب سے نور کو انصاف دلانے کے لیے سوشل میڈیا پر بنائے جانے والے ’جسٹس فار نور‘ کے اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں نور مقدم کی سالگرہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ہیپی برتھ ڈے پیاری نورا بابا! آج آپ 29 سال کی ہوچکی ہوتیں اگر آپ کو اتنی بے دردی سے ہم سے نہ چھین لیا جاتا‘۔
ٹوئٹ میں نور کی سالگرہ کا کیک کاٹتے یادگار تصویر بھی شیئر کی گئی ہے جس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ تصویر ان کی 25 ویں سالگرہ پر لی گئی تھی۔
بھائی نے مرحومہ بہن کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ مجھے آپ کی بہت یاد آتی ہے، امید ہے کہ آپ جنت سے ہمیں دیکھ کر مسکرا رہی ہوں گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ظاہر جعفر کو سزائے موت سنا چکی ہے۔
عدالت نے مجرم ظاہر جعفر کے ملازم مالی جان محمد اور چوکیدار افتخار کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
Comments are closed.