جمعرات 8؍محرم الحرام 1445ھ27؍جولائی 2023ء

نوجوانوں اور قوم کی ترقی کیلئے مزید سرمایہ کاری کی جائے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں نے اپنی قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر ایوارڈز جیتے۔ نوجوانوں اور قوم کی ترقی کےلیے مزید سرمایہ کاری کی جائے۔

قومی اختراعی ایوارڈز تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ٹیلنٹ ڈھونڈنا چاہیے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمارے معاشی مسائل بہت زیادہ ہیں، نوجوانوں نے زرعی ترقی کےلیے ڈرونز بنائے اور اپنی قابلیت کی بنیاد پر ایوارڈ جیتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کےلیے سازگار ماحول بنانا ہوگا، ہمیں قرضوں کی نہیں منافع بخش سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ زراعت کے حوالے سے بے پناہ وسائل کا حامل ملک ہے، پاکستان سبز انقلاب لانے کےلیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ منتخب حکومت کو معیشت کی بحالی کےلیے فوری ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم آئندہ بیرونی قرضوں پر انحصار ترک کریں، خودانحصاری کی پالیسی اپناکر معیشت کی بحالی کےلیے ٹھوس اصلاحات لانا ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری، خصوصاً دوست ملکوں کی جانب سے امداد کے اعلان پر شکرگزار ہوں، حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالرکا کامیاب اسٹینڈبائی معاہدہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بدترین سیلاب کا سامنا رہا، جس سے سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین تباہ حال گھروں میں واپس نہیں جاسکے، محدود وسائل کے باعث پاکستان کےلیے عالمی امداد کے بغیر متاثرین کی بحالی ممکن نہ تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے جنیوا کانفرنس کا انعقاد خوش آئند تھا، متاثرین کی بحالی کےلیے دی گئی امداد شفاف طریقے سے استعمال کی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.