مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا نام آج وزیر اعظم عمران خان کے لئے خوف کی علامت بن چکا ہے۔
ایک بیان میں نون لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جس دن نواز شریف پاکستان آئے وہ دن عمران حکومت کی رخصتی کا دن ہوگا۔
انہوں نے نام لیے بغیر حسان خاور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پرچی ترجمان صاحب نواز شریف کے پاکستان آنے سے پہلے حکومت لڑکھڑا گئی، مفت مشورہ ہے اپنے قد سے بڑھ کر باتیں مت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا ٹاسک کوے کو سفید یعنی بزدار کو شہباز شریف ثابت کرنا ہے، آپ وہیں تک رہیں، آپ کے لئے بہتر رہے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال سے کابینہ کے ہر اجلاس میں نواز شریف اور شہباز شریف کیخلاف منصوبے بنتے رہے، شریف خاندان کے خلاف سازشیں کرنے والے خود راہ فرار تلاش کررہے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ نون پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون نے ڈلیور کیا اس لیے عوام آج یاد کررہے ہیں۔
Comments are closed.