پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کوئی بھی منصوبہ اٹھالیں اس پر ن لیگ اور نواز شریف کا نام درج ہوگا، نواز شریف کا دور ملکی تاریخ سے نکال دیں تو کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، مشکل ترین حالات کے باوجود اسحاق ڈار نے پاکستان کی معیشت کو چلایا، پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو شہباز شریف نے سہارا دیا، شہباز شریف نے ہمیشہ نواز شریف کو اپنا صدر مانا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن قائد اعظم کی وراثت کی امین ہے، نواز شریف نے مسلم لیگ ن کو عوامی جماعت بنایا، مشکلات کے باوجود نواز شریف نے صبر اور اعلیٰ اخلاق کا دامن نہیں چھوڑا، نواز شریف اس ملک کا بیٹا ہے، ملک کو بنانے والے ہاتھ کبھی بھی ملک کو نقصان نہیں پہنچاتے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ لیڈر قوم کا استاد ہوتا ہے، لیڈر قوم کیلئے مثال ہوتا ہے، مسلم لیگ ن کارکنوں کی جماعت ہے اس پر سب سے زیادہ حق کارکنوں کا ہے، تا حیات قائد نواز شریف یہاں بیٹھے ہر ممبر اور کارکن کے دل میں بستے ہیں۔ جنرل کونسل کے ایک، ایک رکن کو مبارک باد پیش کرتی ہوں، کارکنان نے مشکل وقت میں جماعت کا ساتھ نہ دیا ہوتا تو جماعت آج یہاں کھڑی نہ ہوتی۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف پر کیا کیا مشکلات نہیں آئیں، نواز شریف نے کبھی قوم کو یہ درس نہیں دیا کہ گھروں کو جلا دو، میٹرو بس جلا دو، ملک کو بنانے والے ہاتھ کبھی ملک کو توڑ نہیں سکتے، نواز شریف نے کبھی اخلاق کا دامن نہیں چھوڑا، کبھی کبھی تقریر کے دوران جذباتی ہو جاتی ہوں تو نواز شریف کہتے ہیں بیٹا دھیرے بات کیا کرو، نواز شریف نے کبھی کسی کو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، انہوں نے ہمیشہ کہا بدتمیزی کا جواب تہذیب سے دو، گالی نہیں دو۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگ پر بڑی بڑی مشکلات آئیں، ن لیگ کے رہنماؤں نے کبھی روتے پیٹتے اپنی مشکلات نہیں سنائیں، ن لیگ کے رہنماؤں نے ہمیشہ بہادری سے ہر مشکلات کو جھیلا، ن لیگ کے کسی رہنما نے کوئی پریس کانفرنس نہیں کی، چٹان کی طرح جماعت کے ساتھ کھڑے رہے، کبھی کسی نے سنا نواز شریف نے کسی غیر ملکی کو کہا ہو میرےحق میں بات کرو۔
مریم نواز نے کہا کہ ملک میں اتار چڑھاؤ آئے لیکن ملک کے مفادات کا سودا نہیں کیا، جب مشکل وقت آیا تو جماعت سیسہ پلائی دیوار کی طرح نواز شریف کے ساتھ کھڑی رہی۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلیاں لانے والے جہاں سے آئے تھے وہیں واپس چلے گئے، نواز شریف کو مٹانے والے کئی آئے، کئی چلے گئے، نواز شریف اکیلا پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔
Comments are closed.