سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بنے تو سی پیک دو سال کی مدت میں مکمل ہوجائے گا۔
پاکپتن کے مانیکا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف عوام کی آخری امید ہیں ان کے بغیر لوگوں کے دل ٹوٹ جائیں گے، 21 اکتوبر کو مینار پاکستان میں اس قدر جم غفیر ہوگا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے انہیں پاکستان مسائلستان بنا ہوا ملا، ن لیگ آج کے حالات میں عارضی طور ریلیف دینے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کو طویل مدتی ریلیف کیلئے بھی کام کرے گی، ملک میں مہنگائی سے پریشان عوام جانتے ہیں اس کا موجب کون ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم پارلیمان کی بالادستی، کورٹس کے تقدس کیلئے جدوجہد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام ووٹ کسی کو دیتے تھے، نکلتا کسی اور کا تھا، ووٹ جس جماعت کو دیتے تھے وہ آزادانہ طور پر اس پر عمل نہیں کرسکتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا بیانیہ ریاست کیلئے ہے، ہم مسلح جتھے تیار کرنے والے نہیں، ریاست کے اداروں کو آئین و قانون کے حدود میں ہی کام کرنا چاہیے۔
Comments are closed.