مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف سے وفاداری کسی بھی سیاسی یا حکومتی عہدے سے بالاتر ہے۔
ٹوکیو میں روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ قیصر نے کہا کہ میاں نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے خاتمے پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، وقت نے ثابت کر دیا کہ نواز شریف مظلوم تھے اور آج ان کی تاحیات نااہلی کا خاتمہ ان کی بےگناہی کا ثبوت ہے۔
اپنے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ قیصر نے کہا کہ 30 سال تک پارٹی کی خدمت کسی لالچ سے بالاتر ہو کر میاں نواز شریف سے عقیدت اور تعلق کی بنیاد پر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کو جلاوطن اور سیاست سے علیحدہ کرکے پاکستان کو سنگین نقصان پہنچایا گیا اور ان کو ملک بدر کرکے جس کو لایا گیا اس نے ریاست کو ناقابل یقین حد تک نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ریاست میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر ان سے نا صرف معذرت کرے بلکہ انہیں عزت و احترام کے ساتھ ملک میں آنے کی دعوت دی جائے تاکہ پاکستان کو ایک محب وطن لیڈر کی خدمات دوبارہ حاصل ہوسکیں اور پاکستان دوبارہ ترقی کے ٹریک پر واپس آسکے۔
شیخ قیصر محمود نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں جس طرح اسحاق ڈار نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے ساتھ نواز شریف کی دشمنی میں جو ظلم ڈھائے گئے وہ بھی افسوسناک ہیں، آج اسحاق ڈار اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو بھول کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔
شیخ قیصر محمود نے کہا کہ وہ عنقریب لندن میں نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
Comments are closed.