سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب، پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ نواز شریف خود بھی بدل سے گئے ہیں۔
یہ بات چوہدری پرویز الہٰی نے اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی کی بات کے جواب میں کہی جس نے کہا کہ سننے میں آ رہا ہے کہ نواز شریف کی ملک واپسی کی تاریخ بدل رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جیل کا کھانا دیا جاتا ہے جس سے طبیعت ناساز رہتی ہے، جیل میں پہلے ڈاکٹر کی سہولت میسر تھی، اب ان کو اس میں بھی مسائل نظر آنے لگے ہیں۔
پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمے دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں، آج مہنگائی سے عام آدمی ختم ہو چکا ہے، عام انتخابات نہ ہونے سے ملک کا نظام رکا ہوا ہے۔
ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا لگتا ہے انتخابات سے قبل آپ رہا ہو جائیں گے؟
چوہدری پرویزالہٰی نے جواب دیا کہ میری رہائی کی بات اللّٰہ تعالیٰ ہی بہتر جانتے ہیں، جو حالات ہیں تمام سیاستدانوں کو انتخابات سے قبل حفاظتی ضمانت کرا لینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات پر کچھ نہیں کہہ سکتا، چوہدری شجاعت حسین سے دوبارہ ملاقات ہوئی۔
صحافی نے ان سے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور پرویز الہٰی اندر رہیں یا باہر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
پرویز الہٰی نے جواب دیا کہ بلاول بھٹو کو اپنی سالگرہ خوشی سے منانے دیں۔
Comments are closed.