سرکاری ٹی وی کےاینکرپرسن نعمان نیازسے صلح ہوجانے کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ نعمان سےذاتی مسئلہ نہیں ہے،میں نے اس روز ہی نعمان نیاز کو معاف کر دیا تھا, معاملہ میری مرضی کے مطابق ہی حل ہوا۔
شعیب اختر نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر نعمان نیاز اسی رات معافی مانگ لیتے تو بات اتنی آگے نہ جاتی، میں نے پروگرام کے دوران بھی صورتحال کور اپ کرنے کی کوشش کی تھی۔
سابق فاسٹ بولر نے بتایا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ آپ کی مرضی کے مطابق معاملہ حل کیا جائے گا اور معاملہ میری مرضی کے مطابق ہی حل ہوا ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ نعمان نیاز کیلئے دل میں کچھ نہیں ، معاملہ خوش اسلوبی سےحل ہوگیا ہے،نعمان نیاز نےغیر مشروط معافی مانگی ہے۔
سابق فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کی تھی کہ معاملہ آگےنہ بڑھے لیکن بدقسمتی سے معاملہ آگے بڑھ گیا،میں وہاں سے اس لیے اٹھا تھا کہ معاملہ آگے نہ بڑھے اور بات خراب نہ ہو ۔
واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی پر جاری ورلڈ کپ کے شو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ پر گفتگو کی جارہی تھی، پینل میں ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمود اور سپر اسٹار شعیب اختر شامل تھے۔
ان تمام اسٹارز کی موجودگی میں شعیب اختر نے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان بولر قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیداوار ہے۔
پروگرام کے میزبان پہلے تو یہ کہہ کر حارث کا ذکر گول کرنے لگے کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے آیا، لیکن بعد میں انہوں نے ناشائستہ انداز اپناتے ہوئے شعیب اختر جیسے سپر اسٹار کو لائیو ٹی وی پر شو سے چلے جانے کا کہہ دیا۔
Comments are closed.