اتوار 4؍محرم الحرام 1445ھ23؍جولائی 2023ء

نسیم شاہ کی ایک مرتبہ پھر موقع کی مناسبت سے بیٹنگ

ایشیا کپ 2022 میں 7 ستمبر کو کھیلے گئے پاکستان اور افغانستان کے میچ میں نسیم شاہ نے تاریخی چھکے مار کر قومی ٹیم کو یادگار فتح دلوائی تھی۔

اب اتنے ماہ بعد نسیم شاہ نے ایک مرتبہ پھر موقع کی مناسبت سے کھیل کر مداحوں کے دل جیت لیے۔

گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نسیم شاہ نے بہت ہی سمجھ داری کے ساتھ بیٹنگ کی۔

نسیم شاہ نے ٹیسٹ میچ میں گزشتہ روز سعود شکیل کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے 78 گیندوں پر صرف 6 رنز بنائے تھے جو کہ موقع کی مناسبت سے ان کے مداحوں کو خوب پسند آئے۔

گزشتہ روز جب نسیم شاہ بیٹنگ کے لیے آئے تو اس وقت پاکستان کا اسکور 346 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ تھا جس کے بعد نسیم شاہ کی مزاحمت کے آگے سری لنکن بولرز بے بس دکھائی دیے۔

نسیم شاہ نے میچ کے تیسرے روز ایک اینڈ سے مزاحمت جاری رکھی اور دوسری طرف سے سعود شکیل رنز بنانے میں مصروف رہے اور جب نسیم شاہ آؤٹ ہوئے تو پاکستان ٹیم کا اسکور 440 ہوچکا تھا۔

نسیم شاہ کی اس موقع سے مناسبت کی بیٹنگ کو دیکھ کر ان کے مداحوں کو ان کی ایشیا کپ کی بیٹنگ یاد آگئی جہاں اس کے برعکس انہوں نے موقع کی مناسبت سے تاریخی چھکے مار کر پاکستان ٹیم کو میچ جتوایا تھا۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں نسیم شاہ کی بیٹنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی ان کی خوب تعریفیں کی جارہی ہیں تاہم ساتھ اس پر میمز بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.