پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے افغانستان کے خلاف دو چھکے مار کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے اپنے بلے کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔
پاکستان کو اس میچ میں فتح اور ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا تھا، جو نسیم شاہ نے آخری اوور میں دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر پورا کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے بلے کی نیلامی سے متعلق اعلان کیا۔
محمد حسنین نے اپنے پیغام میں کہا کہ نسیم شاہ نے افغانستان کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور انہوں نے جس بلے سے چھکے لگائے تھے وہ میرا بلا ہے اور میں نے اسے نسیم شاہ کو گفٹ کردیا ہے۔
جواب میں نسیم شاہ نے محمد حسنین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بلے کو نیلام کررہا ہوں اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کا آدھا حصہ فلڈ فنڈ میں عطیہ کروں گا۔
Comments are closed.