مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دہشت گردوں کے حق میں بیان دیا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی کا بیان دراصل ایک دہشت گرد کی دوسرے دہشت گرد کی حمایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے، حماس نے آزادی کی تحریک میں سنگ میل طےکیا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یوکرین جنگ کی مذمت کرنے والوں کی فلسطین کے لیے زبانیں بند ہیں۔ فلسطین اور کشمیر پر یورپی یونین کی منافقت سامنے ہے، ایک دہشت گرد ملک کی حمایت میں یورپی یونین بیان دے رہی ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عراق، یمن، شام اور لیبیا کو تباہ کر دیا گیا ہے، مسلم امہ کو یکجا ہونا چاہیے، آزادی فلسطین کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی محبت فلسطین کے ساتھ ہے، پاکستان اسرائیل کے ساتھ کبھی تعلقات استوار نہیں کرسکتا، جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوتا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سلامتی کونسل فلسطین معاملے کو التوا میں رکھے گی، سلامتی کونسل نہیں منافقت کونسل ہے، یہ تحریک اپنے منطقی انجام تک اب پہنچے گی۔
Comments are closed.