اتوار 22؍جمادی الثانی 1444ھ15؍جنوری 2023ء

نجم سیٹھی کی متحدہ عرب امارات میں ملاقاتیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے متحدہ عرب امارات میں یو اے ای کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے حکام سے ملاقات کیں جس میں پاکستان کرکٹ اور ایشیاء کپ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نجم سیٹھی یو اے ای کرکٹ بورڈ کی دعوت پر ان دنوں دبئی میں موجود ہیں، یہاں انہوں نے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور سائیڈ لائنز پر مختلف ملاقاتیں بھی کیں۔

نجم سیٹھی نے یو اے ای کرکٹ بورڈ کے وائس چیئرمین خالد زرونی سے ملاقات میں آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے معاملہ پر بات چیت کی۔ 

دبئی میں جاری آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا کوئی بھی پلیئر شامل نہیں تاہم نجم سیٹھی نے یو اے ای حکام کو یقین دلایا کہ آئندہ سیزن میں پاکستانی کرکٹرز کو اس لیگ میں شرکت کی اجازت ضرور دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں تبدیلی سے قبل یو اے ای کی لیگ کے لیے پلیئرز ریلیز کرنے کے عوض پاکستان نے 3 ملین ڈالرز کا تقاضہ کیا تھا جس پر یو اے ای حکام پاکستان کرکٹ بورڈ سے ناراض تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ہمارے آنے سے ایک دن پہلے پچھلی مینجمنٹ نے ٹیم کا اعلان کردیا

نجم سیٹھی نے ناراضگی ختم کرنے کے لیے مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کو کہا۔

اس موقع پر خالد زرونی نے پی سی بی کو مستقبل میں میچز کے یو اے ای میں ممکنہ انعقاد کے حوالے سے بھی تعاون کا یقین دلایا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ایشیئن کرکٹ کونسل حکام سے بھی ملاقاتیں کیں اور ایشیاء کپ کے معاملے پر جلد از جلد اے سی سی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب فروری میں یہ اجلاس منعقد کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ دو ٹوک مؤقف اختیار کرے گا کہ ایشیاء کپ کی میزبانی پاکستان کا حق ہے اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہو گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.