لاہور میں نامزد صوبائی وزیرِ پنجاب ملک اسد کھوکھر کی حلف برداری کی تقریب ملتوی کر دی گئی، حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہونی تھی۔
تقریبِ حلف برداری اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل مبشر کھوکھر کے باعث ملتوی کی گئی، حلف برداری کی تقریب کی نئی تاریخ کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی اسد کھوکھر کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شب ملک اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی موجودگی میں پیش آیا تھا جس میں ملک اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کو قتل کر دیا گیا۔
عینی شاہد کے مطابق وزیرِ اعلیٰ واپسی کیلئے کار میں بیٹھے ہی تھے کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، واقعہ وزیرِ اعلیٰ کی کار سے چند گز کے فاصلے پر رونما ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ 2 حملہ آور گھات لگا کر گیٹ پر موجود تھے، جیسے ہی نامزد صوبائی وزیر سمیت تینوں بھائی وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گیٹ پر چھوڑنے آئے کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم ناظم کو پکڑ لیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
گولیاں لگنے سے مبشر کھوکھر اور افضل نامی شخص زخمی ہو گیا، مبشر کھوکھر کو ڈیفنس کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ڈیفنس میں فارم ہاؤس میں منعقد ہونے والی دعوتِ ولیمہ منسوخ کر دی گئی۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سزا یقینی بنائی جائے۔
ملک مبشر کھوکھر کے قتل کے ملزم ناظم نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنے بھائی اور چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ملک مبشر کو قتل کیا ہے۔
Comments are closed.