جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت کے موقع پر سرکاری وکیل نے حتمی چالان جمع کرانے کے لئے مزید مہلت طلب کرلی، عدالت نے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی، کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔
تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ چالان پراسیکیوشن آفس میں اسکروٹنی کے لئے جمع کروادیا گیا ہے جس پر مقدعی مقدمہ کے وکیل نے کہا کہ مقدمے کو چار ماہ ہوچکے ہیں، تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔
اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ پراسیکیوشن میں پیش کردہ چالان میں سقم پایا گیا ہے قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے اسکروٹنی کے لیے وقت درکار ہے چالان میں نامزد تمام ملزمان کا کردار واضح نہیں ہے، چالان میں سقم کو دور کرنے کے لئے وقت دیا جائے۔
عدالت نے اسکروٹنی نوٹ کے ہمراہ آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے پراسکیویشن کو چالان کی اسکروٹنی مکمل کرنے کے لئے تین روز کا وقت دیا۔
جیل حکام کی جانب سے ایم پی اے جام اویس سمیت 6 ملزمان کو پیش کیا تھا، سماعت کے دوران وکیل اور سول سوسائٹی نے ناظم جوکھیو کی بیوہ سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ بھی کیا۔
Comments are closed.