قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ نئے بال کو کھیلنا مشکل تھا، نیوزی لینڈ نے پاور پلے میں اچھی بولنگ کی۔
میچ کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی بیٹر صائم ایوب نے کہا کہ پلان یہی تھا کہ اچھے شاٹش کھیلنا اور ارادہ مثبت رکھنا ہے، ماڈرن کرکٹ میں ٹیم میں رہنے کیلئے جارح کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حریف ٹیم کی اسٹرینتھ کو دیکھ کر پلان کرنا بہت ضروری ہے، بیٹنگ کرنا تو سب کو آتی ہے، بابر اعظم سے میں نے کھیلنا سیکھا، کچھ اننگز میں تو رنز بن ہی جاتے ہیں، اصل چیز باقاعدہ پلان سے کھیلنا ہے۔
صائم ایوب کا کہنا تھا کہ بابر اعظم سے سیکھا کہ پلان کیسے کرنا ہے، حریف کو کیسے پرکھنا ہے، کس صورتحال میں کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ففٹی نہ ہونے پر مایوسی تو ہوتی ہے مگر اتنا بھی مسئلہ نہیں، میرے لیے اہم تھا کہ میں اس وقت اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالوں۔
صائم کا کہنا تھا کہ دنیا میں ٹاپ کی ٹیم رہنے کیلئے جارح کرکٹ کھیلنا ضروری ہے، میرا ہدف ایک ہی ہے، وہ یہ کہ ایسا پرفارم کروں کہ میری ٹیم جیتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر میں فرق نئے اور پرانے گیند کا ہوتا ہے، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا جس نمبر پر بھی ہوں اس کے حساب سے پلان بنا کر بیٹنگ کرتا ہوں۔
صائم ایوب نے خواہش ظاہر کی کہ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف سارے میچز جیتیں اور اس میں میرے رنز کا کردار ہو۔
Comments are closed.