انڈس ہائی وے پر میہڑ کے قریب سیلابی ریلے میں مسافر کوچ الٹ گئی، 3 مسافر بہہ گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے مسافروں کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے، دیگر کو بچا لیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کوچ لاڑکانہ جارہی تھی کہ سیلابی ریلے کی زد میں آگئی۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں میہڑ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے جس کے باعث کچے کے علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔
سیلابی ریلے سے میہڑ کی یونین کونسل منگوانی کے 40 سے زائد دیہات زیرِ آب آگئے ہیں۔
ان 40 دیہات کے مکینوں کی وہاں سے محفوظ مقامات پر نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، کچے کے متعدد دیہات میں لوگ محصور ہو کر بھی رہ گئے ہیں۔
سپریو بند سے آنے والے سیلابی ریلے سے میہڑ انڈس ہائی وے زیرِ آب آ گئی جس کی وجہ سے اس کی 1 سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے جبکہ یک طرفہ سڑک سے دو رویہ ٹریفک کو گزارا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے میہڑ رنگ بند کو مضبوط کرنے کی ہنگامی کوششیں جاری ہیں۔
Comments are closed.