‘میں ڈوب رہا ہوں، مجھے بچا لو‘، بے گھر امریکی شہری پولیس کی نظروں کے سامنے ڈوب گیا
امریکی ریاست ایریزونا میں ایک بے گھر شخص کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش نہ کرنے کے بعد تین پولیس افسران کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔
اہلکاروں کے باڈی کیم سے جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ 34 برس کا ایک شہری شان بِکنگز گذشتہ ماہ ٹیمپ ٹاؤن جھیل میں داخل ہوتے ہوئے پولیس کو خبردار کر رہا تھا کہ وہ ڈوبنے جا رہا ہے۔
اس کے بعد وہ شخص اور جھیل کے پاس کھڑی ساتھی پولیس کی منتیں کرتے رہے کہ انھیں ڈوبنے سے بچا لیں مگر پولیس والوں نے کچھ نہ کیا۔
جائے وقوعہ پر موجود کسی بھی افسر نے انھیں بچانے کی کوشش نہیں کی بلکہ ایک پولیس اہلکار کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ‘میں تمھارے پیچھے چھلانگ لگانے والا نہیں ہوں۔‘
شان بیکنگ جلد ہی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ ایریزونا کے حکام نے ان کی موت کو ایک المیہ قرار دیا ہے۔
‘ڈوبنے والے شخص کی اپنی ساتھی سے لڑائی ہوئی تھی‘
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 28 مئی کو مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے کے بعد پیش آیا، جب افسران نے شہر کے مرکز میں اس شخص اور اس کے ساتھی کے درمیان ایک مبینہ لڑائی کے بارے میں کال موصول کی تھی۔
ایریزونا پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ساتھیوں نے دوران تفتیش تعاون کیا اور اس بات سے انکار کیا کہ ان کے درمیان نوبت مار پیٹ تک گئی تھی۔
تاہم، پولیس فوٹیج سے پتا چلتا ہے کہ جب افسران اس جوڑے کی گرفتاری کے لیے نام کی تصدیق کر رہے تھے تو عین اس وقت پر شان یکنگ جھیل سے بورڈ واک کو تقسیم کرنے والی ایک لوہے کی باڑ پر چڑھ گئے اور جھیل میں کود گئے۔
‘میں ڈوب رہا ہوں، مجھے بچا لو‘
اس کے باوجود کہ پولیس نے مرنے والے شخص کو بتایا کہ اس جھیل میں تیراکی منع ہے، پھر بھی انھوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ تیراکی کے لیے جھیل میں چھلانگ رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ شخص جھیل میں کُود کر تیرنا شروع ہو گیا۔
12 منٹ کی باڈی کیم ویڈیو اسی لمحے ختم ہوجاتی ہے۔ اس ویڈیو کے اختتام پر یہ پیغام بھی دیا گیا کہ اس ریکارڈنگ کے بقیہ حصے کی حساس نوعیت کی وجہ سے مختصر کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اس کے بجائے شہری حکام نے گفتگو کے تبادلے کے بقیہ حصے کا ایک ٹرانسکرپٹ فراہم کیا، جس میں شان بیکنگ نے بار بار دہائی دی کہ وہ ڈوبنے ولا ہے اسے بچایا جائے۔
ٹرانسکرپٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ افسران نے شان بیکنگ کی پریشانی میں مبتلا ساتھی کو یہ کہہ کر تسلی دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ انھیں ایک کشتی مل جائے گی پھر وہ اسے بچا لیں گے۔ مگر ایک موقع پر اس خاتون نے چیخ کر پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ وہ بالکل آپ کے سامنے ڈوب رہا ہے اور آپ مدد نہیں کریں گے۔
اس کے بعد شان بِیکنگ دوبارہ پانی کے اوپر نہیں آئے اور ڈُوب گئے۔
مبینہ غفلت ظاہر کرنے کی وجہ سے چھٹی پر بھیجے گئے ان تین پولیس اہلکاروں کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ اس وقت ایریزونا کا محکمہ پبلک سیفٹی اور پولیس ان کے مؤقف کا جائزہ لے رہی ہے۔
Comments are closed.