عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے 40 دن کا چلّہ کاٹا، کسی نے تشدد نہیں کیا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوری کے لیے بھی عقل چاہیے ہوتی ہے، مجھ پر 3 جھوٹے الزام لگائے گئے، ایک چور شخص میرا راستہ روکنا چاہتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ لوگوں کو انتخاب لڑنے کی اجازت دی جائے، کل آر او آفس 4 بجے بلایا ہے، سپریم کورٹ نے صرف بانیٔ پی ٹی آئی کو نہیں مجھے بھی صادق و امین کہا۔
انہوں نے کہا کہ کئی بار وزیر رہنے والے پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، اصلی اور نسلی ہوں، کھڑا رہوں گا، میں نے ٹی وی پر سنا کہ نا اہل ہو گیا ہوں، ریٹرننگ افسر کی جانب سے ابھی تک نااہلی کے حوالے سے کوئی کاپی نہیں دی گئی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک معاشی لحاظ سے بیٹھ رہا ہے، ملک ڈوب رہا ہے کیونکہ آپ چوروں کو لے کر آئے ہیں، میرے پاس بڑے جواب ہیں، کل ہائی کورٹ میں بھی آپ کو جواب دے سکتا ہوں۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ لندن سے آنے سے پہلے فیصلہ کر لیا گیا کہ شیخ رشید کو نااہل کیا جائے، نااہلی کے خلاف کل سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ جائیں گے اور عوام کے پاس بھی جائیں گے، نواز شریف خاندان کے لیے لندن جانے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہو گا۔
Comments are closed.