پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے خلاف قانونی جنگ کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ شہزاد اکبر نے تین دن پہلے پریس کانفرنس میں کرپشن کے الزامات لگائے، 36 افراد کو شہزاد اکبر نے ن لیگ کے ساتھ شمار کیا، شہزاد اکبر نے میرے والد پر کرپشن کر الزام لگایا، میں شہزاد اکبر کے خلاف قانونی جنگ لڑوں گا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ میرے والد کا نام انور عزیز ہے، ان کی 2400 کنال اراضی سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔
دانیال عزیز نے کہا کہ نومبر میں میرے والد چودھری انور عزیز انتقال کر گئے، میرے والد نے بھرپور سیاسی زندگی گزاری، میرےوالد نے برا وقت بھی دیکھا لیکن کبھی کرپشن کی تہمت پذیرائی حاصل نہ کرسکی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نام یہ ریاست مدینہ کا لیتے ہیں اور شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں، 30 سال سے سیاست میں ہوں، اداروں کی بنیادوں میں میرا خون پسینہ ہے، میں شہزاد اکبر کے خلاف قانونی جنگ لڑوں گا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ شہزاد اکبر کو اگر کوئی شبہ ہے تو میرے بارے میں اپنے ساتھیوں سے پوچھ لیں، شہزاد اکبر کے خلاف درخواست دوں گا اور اس معاملے کو آخر تک لیکر جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس فہرست میں قیام پاکستان سے قبل 24 سو کنال زمین کا ذکر ہے، یہ زمین قیام پاکستان سے قبل بھیڑ پال اسکیم کے تحت دی گئی تھی، یہ زمین مجھ سے منسوب کی گئی، میرا اس زمین سے کوئی تعلق نہیں۔
دانیال عزیز نے کہا کہ میرے والد اس زمین کے معاملے پر انہیں عدالت میں لے گئے، عدالت نے میرے والد کے حق میں فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں اسسٹنٹ کمشنر سلانوالی کو عدالت میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا گیا، عدالتی فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا وہ بھی ہمارے حق میں آیا، اسسٹنٹ کمشنر نے عدالتی احکامات ماننے سے انکار کردیا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ کریمنل کورٹ پروسیجر کے تحت شہزاد اکبر کو عدالت لے کر جاؤں گا۔
Comments are closed.