مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کےبیان پر ردعمل دے دیا۔
ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ میں16 ماہ کی حکومت میں اپنی وزارت کی کارکردگی کا دفاع نہایت فخر کے ساتھ کر سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی وزارت کے دوران 16 ماہ میں پی ٹی آئی حکومت میں مفلوج کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا گیا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وزارت کے دوران ملک میں متعدد نئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے۔
اُن کا کہنا تھاکہ صوبہ سندھ کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور فنڈنگ کی گئی۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ تھر کوئلہ کا منصوبہ جس کا بلاول بھٹو نے کریڈٹ لیا کاغذوں میں گھوم رہا تھا، پیپلز پارٹی کے 3 ادوار میں اس پر کوئی قابل ذکر عمل نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پہ تھر کو سی پیک منصوبوں میں شامل کیا گیا تو یہ خواب حقیقت بن سکا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اچھا ہوتا اگر بلاول بھٹو زرداری تھر منصوبہ کے لئے نواز شریف کے تعاون کا بھی ذکر کر دیتے، ہمیں طعنوں کی سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔
Comments are closed.