پاکستان سنی تحریک کی مرکزی کابینہ نے اپنے سربراہ ثروت اعجاز قادری کو نااہل قرار دیتے ہوئے مرکزی کابینہ سے فارغ کردیا، جس پر ثروت قادری نے اپنا ردعمل دے دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ میں آئینی اور قانونی طور پر سنی تحریک کا سربراہ ہوں۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سنی تحریک میں شعبہ انصاف بنا کر پہلےخود کو احتساب کیلئے پیش کیا، میرے ساتھ سب کا احتساب ہونا تھا لیکن میرے بعد یہ عمل روک دیا گیا۔
رہنما سنی تحریک نے کہا کہ سازش کے تحت احتساب کے عمل کو متنازع بنا کر روکا گیا ہے، ہم اپنے مشن کو رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سنی تحریک کی مرکزی کابینہ نے پارٹی سربراہ ثروت اعجاز قادری کو نااہل قرار دیتے ہوئے مرکزی کابینہ سے فارغ کردیا۔
سنی تحریک کے ترجمان فہیم الدین شیخ کا مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ثروت اعجاز تنظیمی شرعی امور کے خلاف پائے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ثروت اعجاز قادری کے خلاف اراکین نے شکایات کی تھیں جس پر کمیٹی گزشتہ 10 ماہ سے کام کر رہی تھی۔
Comments are closed.