ٹائلر پیری: میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کو امریکہ میں گھر اور سکیورٹی دینے والی نامور شخصیت کون ہے؟
اوپراہ ونفرے کے ساتھ کئی انکشافات پر مبنی انٹرویو میں ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے انکشاف کیا ہے کہ شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد امریکی میڈیا کی نامور شخصیت ٹائلر پیری نے ہیری اور میگھن کو 2020 میں کیلیفورنیا میں گھر اور سکیورٹی فراہم کی تھی۔
تو ٹائلر پیری کون ہیں اور وہ اتنے کامیاب کیسے ہوئے؟
اکیاون سالہ ٹائلر پیری ایک جانے مانے فلم ساز، کامیڈین، اداکار، پروڈیوسر اور سکرین رائٹر ہیں۔
اُن کی فلموں اور ٹی وی شوز نے انھیں امریکہ میں اور خاص طور پر افریقی امریکیوں میں شہرت دلوائی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پیری کو شاید سب سے زیادہ اُن کی ماڈیا فلمز کے لیے جانا جاتا ہے جو انھوں نے خود لکھیں، پروڈیوس کی، ڈائریکٹ کیں اور اس میں ایک بوڑھی خاتون کا مرکزی کردار بھی خود ہی ادا کیا۔
سنہ 2015 میں انھوں نے ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے باہر 330 ایکڑ پر مبنی ایک فلم سٹوڈیو بنایا جس کا مقصد شہر کو فلم سازی کا مرکز بنانا ہے۔
اور فوربز میگزین کے مطابق
چند ماہ پہلے جب انھوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ مِڈ لائف کرائسز سے گزر رہے ہیں تو وہ شہ سرخیوں میں رہے۔ انھوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کی گرل فرینڈ اور ان کی واحد اولاد جیلیلا بیکیلی کی والدہ کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے۔
انھوں نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا: ’میری عمر 51 سال ہے اور میں سنگل ہوں، اور سوچ رہا ہوں کہ میری زندگی کا اگلا باب کیسا ہوگا۔ جیسا بھی ہو گا مگر میں خدا کے راستے پر چلوں گا، بہترین باپ اور شخص بنوں گا، اپنا سر اونچا رکھوں گا، اور ایسا کرتے ہوئے بہترین نظر آنے کی کوشش کروں گا۔‘
اُنھوں نے مزید لکھا کہ ’اس اداسی سے بھری دنیا میں کوشش کریں کہ اچھائی کا راستہ اپنائیں۔‘
ٹائلر پیری نے ہیری اور میگھن کی کیسے مدد کی؟
اتوار کو امریکہ میں سی بی ایس نیوز پر نشر ہونے والے دو گھنٹے کے انٹرویو میں میگھن اور ہیری نے بتایا کہ پیری نے 2020 میں کینیڈا سے لاس اینجلس منتقل ہونے کے بعد اس جوڑے کو اپنی ہالی وڈ میں موجود کوٹھیوں میں سے ایک (مبینہ طور پر بالکل مفت) فراہم کرنے اور اپنی سکیورٹی استعمال کرنے کی پیشکش کی۔
جوڑے نے انٹرویو میں بتایا کہ انھوں نے مغربی کینیڈا میں وینکوور آئیلینڈ میں واقع اپنا گھر تب چھوڑنے کا فیصلہ کیا جب ان کے گھر کی لوکیشن عوام کو معلوم ہو گئی تھی۔
میگھن نے انٹرویو میں کہا ’ہمارے پاس کوئی پلان نہیں تھا۔‘
’ہمیں ایک گھر کی ضرورت تھی اور انھوں (ٹائلر پیری) نے اپنی سکیورٹی دینے کی پیشکش بھی کی، چنانچہ ہمیں یہ سوچنے کے لیے موقع ملا کہ ہمیں اب آگے کیا کرنا ہے۔‘
ہیری نے بتایا: ’جب ہم کینیڈا میں کسی اور کے گھر میں رہ رہے تھے تو سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ بہت مختصر نوٹس پر مجھے بتایا گیا کہ سکیورٹی ختم کی جا رہی ہے۔‘
’چنانچہ مجھے اچانک یہ خیال آیا کہ بارڈرز بند ہو سکتے ہیں، ہماری سکیورٹی ختم کی جا رہی ہے، کون جانتا ہے کہ لاک ڈاؤن کتنا طویل ہو گا، دنیا جانتی ہے کہ ہم کہاں ہیں، یہ محفوظ نہیں ہے، ہمیں شاید یہاں سے نکل جانا چاہیے۔‘
ہیری اور میگھن نے کہا کہ بعد میں انھوں نے کیلیفورنیا میں رہنے کا فیصلہ کیا اور مونٹیسیٹو میں ایک گھر خرید لیا۔
Comments are closed.