بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

میکسیکو: فٹبال میچ کے دوران لڑائی، 17 افراد ہلاک

شمالی امریکی ملک میکسیکو میں ایک فٹبال میچ کے دوران تماشوئیوں کے درمیان ہوئی لڑائی کم از کم 17 افراد کی جان لے گئی۔ 

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں 22 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ 

مذکورہ واقعہ ایٹلس اور کوئریٹارو کی ٹیموں کے درمیان جاری میچ کے دوران ہوا جہاں دونوں ٹیموں کے مداح ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔ 

واقعے کے بعد میکسیکن فٹبال فیڈریشن نے اتوار کو ہونے والے تمام میچز بھی منسوخ کردیے تھے۔ 

میکسیکو میں کلوسرا فٹبال ٹورنامنٹ کے نویں راؤنڈ میں ان دونوں ٹیموں کا میچ جاری تھا کہ اس کے 63ویں منٹ کے دوران ہنگامہ آرائی شروع ہوئی۔ 

سیکیورٹی گارڈز نے اسٹیڈیم کے دروازے کھول کر تماشائیوں کو باہر جانے کا راستہ دیا، لیکن اس کے باوجود کچھ مشتعل تماشائی اسٹیڈیم میں ہی موجود رہے، ان کی لڑائی جاری رہی جس کے باعث نہ صرف میچ کو روکنا پڑا بلکہ کھلاڑی بھی واپس لاکر روم میں چلے گئے۔ 

میکسیکن فٹبال فیڈریشن نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ فیڈریشن اس واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس لڑائی کے دوران ہوئی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ 

بیان میں کہا گیا کہ فٹبال میچ کے دوران اس طرح کے واقعات ہونا قابلِ مذمت ہیں، کیونکہ فٹبال کا مقصد صحتمند بقائے باہمی ہے۔ 

ادھر میکسیکو کے لیگا ایم ایکس کے صدر نے واقعے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے فقدان پر ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے، کیونکہ ہمارے کھلاڑیوں اور مداحوں کی سیکیورٹی ترجیح ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.