ایشیا کپ 2023ء میں بڑے میچ سے پہلے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز کا ٹاکرا ہوا۔
جیو نیوز اور بھارتی ٹی وی اب تک پر ہونے والے ٹاکرے میں سابق کپتان معین خان، سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق اور سکندر بخت جبکہ بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر اور مدن لال نے تجزیہ پیش کیا۔
سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کینڈی میں کانٹے دار مقابلے کی پیشگوئی کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں بہت متوازن ہیں، ایشیا کپ کا یہ میچ بڑا ہی زبردست اور دلچسپ ہوگا۔
سابق آل راونڈر نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیم زبردست ہے، بھارت کا کمبی نیشن بھی اچھا ہے، پاک بھارت میچ ٹف ہوتا ہے پوری ٹیم کو کھیلنا ہوتا ہے۔
سابق کپتان معین خان نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں کچھ عرصے سے تسلسل نہیں، پاکستان کے پاس بھارت سے زیادہ میچ ونرز ہیں۔
سکندر بخت نے بھارتی کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی حکومت سے بات کریں۔ پاک، بھارت مقابلوں کا دونوں ہی ملکوں کو فائدہ ہوگا۔
مدن لال نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ زبردست ہے تو بھارتی ٹیم بھی کم نہیں، ہمارے سارے پلیئرز تجربہ کار ہیں۔ شامی، سراج، بمرا نے بھی میچز جتوائے ہیں۔
سنیل گواسکر نے کہا کہ بولنگ اٹیک کو مضبوط کرنےکےلیے محمد شامی، محمد سراج اور جسپریت بمرا ہیں، کس کھلاڑی میں کتنی قابلیت ہے، اس کا فیصلہ میدان میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو بابراعظم کا نام آتا ہے، بھارت کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو ویرات کوہلی کا نام آتا ہے۔
جیو نیوز پر دوسرا پاک بھارت ٹاکرا رات 11 بجے دیکھ سکتے ہیں، جس کا حصہ بھارت سے محمد اظہر الدین، کپیل دیو اور اُتل واسن جبکہ پاکستان سے معین خان، عبدالرحمان اور سکندر بخت ہوں گے۔
Comments are closed.