ہفتہ 19؍ رجب المرجب 1444ھ11؍فروری 2023ء

مینڈیٹ تسلیم نہ کیا تو سندھ میں بلاول بھٹو کی حکومت نہیں رہے گی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وارننگ دے دی اور دعویٰ کیا کہ ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کیا گیا تو کراچی تو کیا سندھ میں بھی ان کی حکومت نہیں رہے گی۔

گجرات میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ بلاول کی پارٹی نے 1977 میں بھی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا تھا، اس بار بھی ایسا کیا تو تمہارا گریبان اور ہمارا ہاتھ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اور کراچی کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا، بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ کراچی میں ہمارا میئر ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ چھری امریکا اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ہے جبکہ ہاتھ شہباز شریف کا ہے اور گلا عوام کا ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے امریکی چھری اور شہباز شریف کے ہاتھ کو روکنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف کہتا ہے ٹیکس لگاؤ، کل کہیں گے ریلوے اسٹیشن اور ایئرپورٹ بیچ دو اور پھر کہیں گے، ایک غریب ملک کو ایٹم بم کی ضرورت نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام ادارے اور ملک کی انڈسٹری تباہ ہوگئی، زراعت بیٹھ گئی جبکہ خوشحال صرف حکمران ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے بھی تبدیلی کا نعرہ لگایا، پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم نے بھی دھوکا کیا، عمران خان آیا تو اس کی پٹاری میں بھی محمود خان اور پرویز الہٰی تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.