اسرائیلی فوج کی بمباری میں ماں کو کھونے والا فلسطینی بچہ انہیں یاد کرتے ہوئے روتا رہا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے صارفین کے دلوں کو دہلا دیا۔
غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ فضائی حملے مسلسل 17ویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے دنیا کی گنجان ترین آبادی غزہ پر ایک رات میں 320 میزائل داغ دیے، گزشتہ رات کی بمباری میں 182 بچوں سمیت 436 فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 87 ہوگئی۔
فلسطینی صحافی نے ایک بچے کی اپنی ماں کو روتے ہوئے یاد کرنے کی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر کی ہے، جس میں وہ بچہ اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والی اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے مسلسل رو رہا ہے۔
ویڈیو میں فلسطینی بچہ کہتا ہوا نظر آرہا ہے کہ میری ماں میرے لیے دنیا کا سب سے بہترین کھانا بناتی تھی۔
بچہ کہتا ہے کہ میری والدہ جب اپنے لیے کپڑے خرید کر لاتی تھیں تو مجھ سے پوچھتی تھیں کہ کون سا زیادہ اچھا ہے ان میں سے تو میں ان کیلئے سب سے بہترین کپڑا پسند کرتا تھا۔
فلسطینی بچہ روتے ہوئے مزید کہتا ہے کہ میری ماں کی سالگرہ آنے والی تھی، میں نے پیسے جمع کرکے ان کیلئے گفٹ خریدا اور انہیں دینے کیلئے اسے چھپا کر رکھا ہوا تھا۔
ویڈیو میں موجود ایک شخص اس بچے کو مسلسل تسلیاں دیتا ہوا نظر آرہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی یہ ویڈیو دیکھ کر افسردہ ہوگئے اور بچے کی والدہ کی مغفرت کیلئے دعا بھی کررہے ہیں۔
Comments are closed.