پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں ہنگامہ آرائی کے دوران مجھے بھی گولی لگی ہے اور میری اہلیہ کی گاڑی پر بھی سیدھی گولی ماری گئی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے 10 کارکنان زخمی ہیں، ہمارے کسی کارکن کے پاس ہتھیار تک نہیں، اتنا حساس علاقہ ہے، کل کہاں تھی انتظامیہ؟ کہاں تھی پولیس؟
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایک جماعت اسلام کا نام لے کر ملک میں دہشت گردی کر رہی ہے، اس جماعت نے ہمارے کیمپ پر فائرنگ کروائی جس سے ہمارا کارکن جاں بحق ہوا۔
سابق سٹی ناظم نے کہا کہ پورے دعوے سے کہہ رہا ہوں کہ این اے 240 کا الیکشن پی ایس پی نے جیتا ہے، ہمارے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے، پی ایس پی کے امیدوار کو 13927 ووٹ ڈالے گئے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ الیکشن ہم سے چھینا گیا ہے اور ہمیں ہروایا گیا ہے، ہم این اے 240 کے نتیجے کو نہیں ماتنے، قانونی کارروائی کریں گے۔
Comments are closed.