کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں میرپور رائلز نے کوٹلی لائنز کو سپر اوور میں شکست دے دی۔ شکست کے بعد کوٹلی لائنز کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
مظفر آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں میرپور رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 211 رنز بنائے تھے اور کوٹلی لائنز کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا تھا۔
میرپور رائلز کے مختار احمد 61 اور محمد اخلاق 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ خوشدل شاہ 14 اور شعیب ملک نے 28 رنز بنائے۔
کوٹلی لائنز کی جانب سے مجتبیٰ غیاث نے میرپور رائلز کے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کوٹلی لائنز کے احسن علی نے 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، مقررہ 20 اوورز میں کوٹلی لائنز کی ٹیم بھی 211 رنز بناسکی، یوں میچ برابر ہوگیا اور میچ کا نتیجہ سپر اوور پر چلا گیا۔
میرپور رائلز کی طرف سے سلمان ارشاد نے 3 اور عماد بٹ نے 2 وکٹیں لیں۔
کوٹلی لائنز نے میرپور رائلز کو سپر اوور میں 3 رنز کا ہدف دیا تھا، میرپور رائلز کی جانب سے شعیب ملک نے پہلی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔
میرپور رائلز کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے جیت حاصل ہوئی، ٹیم کا کمبی نیشن اچھا بنا ہے، سینئر کھلاڑی جونیئر کی مدد کررہے ہیں۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ جو کشمیری کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی کھیل سکتا ہے۔
Comments are closed.