نوکنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش ہیں کہ ہم فیل ہو جائیں، ہماری کامیابی میں انہیں اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے، جنگل کا قانون ختم کرکے کمزور طبقے کو اوپر لائیں گے۔
نوکنڈی تا ماشکیل شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں کسی نے بلوچستان کے مسائل صحیح معنوں میں حل کرنے پر توجہ نہیں دی، جہاں ووٹ ملتے تھے وہیں پر توجہ لگائی جاتی تھی، ہماری کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں، بلوچستان کو ترقی دے کر بہت ریونیو حاصل کیا جا سکتا ہے نوکنڈی تا ماشکیل سڑک بننے کے دورس نتائج حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا پہلا سال معاشی مسائل حل کرنے میں لگ گیا، جو مسائل ہمیں ملے ماضی کی کسی حکومت کو ان مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کے دہانے تک پہنچا دیا گیا تھا، دوسرے سال کورونا آگیا، ہم نے اس کا کامیابی سے سامنا کیا، ایس او پیز پر عمل کریں، ہم تیسری لہر سے بھی کامیابی سے نکل آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے پانچ سالوں میں قانون کی بالادستی ہوگی، سب مافیاز قانون کے تابع ہوں گے، جنگل کا قانون ختم ہو گا، سب کیلئے ایک قانون ہوگا، پاکستان میں مافیاز اپنے آپ کو قانون سے اوپر رکھنا چاہتے ہیں، فوری انصاف کی فراہمی کیلئے قانون سازی کر رہے ہیں، ایک سال کے اندر مقدمات ختم ہوں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مخالفین کو خوف ہے کہ کہیں ہم کامیاب نہ ہوجائیں، پہلی بار کے پی کے میں کمزور اتحادی حکومت کے ساتھ کارکردگی دکھائی، دوسری بار دو تہائی اکثریت کے ساتھ منتخب ہوئے، خیبرپختونخوا میں ہمارے مخالفین کے جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، اپوزیشن اسی لئے شور مچارہی ہے کہ ہم فیل ہو گئے،ان کی یہی خواہش ہے کہ ہم فیل ہوں، ہماری کامیابی میں انہیں اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کمزور طبقے کو اوپر لانا ہوگا، چین اور بھارت کی مثال سب کے سامنے ہے، چین کی قانون کی بالادستی قائم کی اور طاقتور کو قانون کے تابع کیا،ستر کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، آج امیر اور غریب میں سب سے زیادہ فرق بھارت میں ہے۔
Comments are closed.