سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میئر کے معاملے پر پیپلز پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے، پیپلز پارٹی ایک گھر کی مانند ہے، بے بنیاد خبریں چلانے والے جان لیں میں آج سیاست میں جس مقام پر ہوں اس میں ادی فریال تالپور کا بڑا کردار ہے، ان سے ہمیشہ سیکھنے کو ملا ہے، ان کی شفقت کے بغیر میں کچھ بھی نہیں، میئر کے ایم سی کےلئے اعتماد کرنے پر پارٹی قیادت اور جیالوں کا شکر گزار ہوں۔
وہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ میئر کراچی کے معاملے پر پیپلز پارٹی میں گروپ بندی کی خبریں بے بنیاد ہیں، ایسی خبریں چلانے والے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا میئر کے ایم سی کے لئے مجھ سمیت پارٹی کے سات، آٹھ افراد نے کاغذات جمع کروائے تھے جن میں سینئر رہنما مسرور احسن، نجمی عالم، لیاقت آسکانی سمیت دیگر شامل تھے۔ لیکن مشاورت کے بعد پارٹی قیادت نے یہ اہم ذمہ داری مجھے سونپی ہے جس پر قیادت کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں اور میں یہ اہم ترین ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا قطعی نہیں کہ مجھے فریال تالپور کی حمایت حاصل نہیں ہے، وہ میرے لئے بہت قابل احترام ہیں، مجھ پر ان کی شفقت کا سایہ ہے ان سے ہمیشہ سیکھنے کو ملتا ہے وہ کارکنوں کو سیاست کے بارے میں سِکھاتی رہتی ہیں۔ میں سیاست میں آج جس مقام پر ہوں اس میں محترمہ فریال تالپور کا بڑا کردار ہے۔ میرے لئے ان کے مقام اور عزت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نجمی عالم میرے سینئر ہیں، وہ میری والدہ کے ساتھ سیاست کرتے تھے۔ ہم مل کر اس شہر کی خدمت کریں گے۔ پیپلز پارٹی دوسری سیاسی جماعتوں سے مختلف ہے، یہاں گروپ بندی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تاہم ایشوز پر اختلاف ہر جگہ ہوجاتے ہیں جنہیں خوش اسلوبی سے نمٹا لیا جاتا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ کئی مرتبہ کاٹی آیا ہوں، ایس ایم منیر مرحوم سے بہت پیار کا رشتہ تھا، رشتے ہمیشہ قائم رہتے ہیں، میں چیئرمین بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا شکر گزار ہوں کہ پارٹی قیادت نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے میئر کراچی کے لئے نامزد کیا۔
انہوں نے کہا کہ 15 جون کو انتخابات ہوں گے، عوام، بزنس کمیونٹی اور حکومت کے درمیان ایک برج بنے گا، انشاء اللّٰہ۔ دھرنوں کی سیاست سے باہر آکر چارٹر آف کراچی پر متحد ہونا ہوگا۔ کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر فرد کو کام کرنا ہوگا اگر منتخب ہوا تو عوام کی آواز ایوانوں میں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبے میں ہے وفاق میں ہم اتحادی ہیں، وزیر خارجہ اور وزیر تجارت پیپلز پارٹی سے ہے، اب 15جون کے بعد آپ کی آواز کراچی کی کونسل میں بھی ہوگی۔ اگر منتخب ہوا تو اختیارات کا رونا نہیں روؤں گا، موجودہ وسائل کو بروئے کار لاکر مسائل کو حل کروں گا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی والوں نے بلاول بھٹو کی آواز پر لبیک کہا اور ہمیں اکثریت دی جب ایڈمنسٹریٹر کراچی تھا تو کورنگی کے کچرے کا نظام ڈی ایم سی کے پاس تھا، ہم کورنگی میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کو لے کر آئے اب کچرے کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوچکا ہے۔ سیوریج کا مسئلہ بھی کورنگی میں بہت زیادہ تھا، 78 سیوریج کی گاڑیاں منگوائی ہیں۔ ہر ڈسٹرکٹ میں تقسیم کروائیں، 38 سیوریج کی گاڑیاں مزید آنے والی ہیں کورنگی میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پانچ ایم جی ڈی پانی کی لائن پر بھی کام جاری ہے۔ سنیٹیشن پلانٹ لگانے جا رہے ہیں۔ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں 2 سیوریج پلانٹ کی فزیبلٹی بنالی گئی ہے، کے فور منصوبے کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔ کے فور منصوبے سے 265 ایم ڈی ڈی پانی ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حب ڈیم سے ایک نئی لائن ڈال رہے ہیں کراچی کو 45 ایم ڈی جی مزید پانی ملے گا، 2016ء میں سب سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ نے کاٹی کو پیسے دیے تاکہ آپ اپنی مرضی سے ترقیاتی کام کروائیں مگر اس کی تشہیر نہیں کی۔ کورنگی کازوے کیلئے جلد فنڈز مل جائیں گے، قیوم آباد سے سرجن فیض روڈ تک نیا برج بنایا جا رہا ہے، اگلے 15 سے 16 ماہ میں یہ برج تعمیر کرکے دیں گے۔
انہوں نے کہا جام صادق برج کا سریا چوری ہونے کی ویڈیو لوگ بھیجتے ہیں جام صادق کے برج میں مزید 4 نئی لائنز بڑھا رہے ہیں، کورنگی روڈ پر مزید دو فلائی اوورز بھی بنا رہے ہیں، ہم پر الزام لگتا ہے کہ ہم اس شہر کو اون نہیں کرتے، یہ سارا کام پیپلز پارٹی کر رہی ہے، 29 ارب روپے کی لاگت سے ملیر ایکسپریس وے بنا رہے ہیں۔ 14 اگست تک اس کا پہلا فیز مکمل کرلیں گے جو کہ ایئرپورٹ تک کھولا جائیگا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورنگی سے موٹر وے تک رسائی آسان اور تھوڑے ٹائم میں ممکن ہو پائے گا۔ تنقید کرنے والے تنقید کریں ہم کام اور خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی بسوں کی وجہ سے لوگ 50 روپے میں آرام دہ سفر کر رہے ہیں، مزید بسوں کیلئے بھی کام کررہے ہیں، 1122 میں مزید 50 ایمبولینسوں اور 25 موبائل لیبارٹری کی منظوری دی گئی ہے۔آٹیزم سینٹر کورنگی ڈھائی نمبر پر بنایا گیا ہے، کورنگی میں چیسٹ کا یونٹ کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا ڈھائی ارب روپے انڈس اسپتال کو ہر سال سندھ حکومت فنڈز دے رہی ہے تاکہ غریب لوگوں کو صحت کی سہولیات ملیں بہت جلد یلو لائن بھی کورنگی میں چلے گی، ہم کراچی کی بہتری کیلئے جان مار رہے ہیں۔
تقریب سے کاٹی کے صدر فراز الرحمٰن اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور پیپلز پارٹی کی شہر کی ترقی کے لئے خدمات کو سراہا۔
Comments are closed.