لوگوں کو یادداشت بہتر بنانے اور اس کی حفاظت کےلیے اکثر بادام کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے، لیکن ایک برطانوی یونیورسٹی نے مہینے میں صرف ایک بار ورزش کو یادداشت محفوظ کرنے کا ذریعہ بتایا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے یونیورسٹی کالج لندن کے سائنسدانوں نے 30 سال سے زائد عمر کے 1400 افراد کی عادات پر جانچ کی۔
جامعہ نے 36 سے لے کر 69 سال کی عمر تک افراد کےلیے ایک سوال نامہ تیار کیا جس میں 36، 43، 53، 60، 64 اور 69 سال کی عمر میں ان افراد سے ان کی روز مرہ کی زندگی سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔
جن افراد پر ریسرچ کی گئی جب وہ 69 برس کے ہوئے تو رضاکاروں نے ان کی یادداشت، توجہ، زبان اور بات چیت کی صلاحیت کا ٹیسٹ لیا۔
ان افراد کے جوابات اور صلاحیتوں کے ٹیسٹ کے تناظر میں نتائج اخذ کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ان میں جن افراد کی یادداشت بہتر پائی گئی اور جو نسبتاً زیادہ متحرک نظر آئے وہ ماہانہ ایک سے چار مرتبہ ورزش کیا کرتے تھے۔
سائنسدانوں نے ورزش سے متعلق بتایا کہ وہ بیڈمنٹن، تیراکی، فٹنس ایکسرسائز، یوگا، ڈانسنگ، فٹبال، جاگنگ اور حتیٰ کہ تیزی کے ساتھ چہل قدمی بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ان ہی سائنسدانوں کی گزشتہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ورزش کرنے سے انسان میں یادداشت کے مسائل کا خطرہ 33 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
Comments are closed.