ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، ایک بار پھر مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 13اعشاریہ 64 فیصد جبکہ کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 17 اعشاریہ 20 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 24 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 5 کی قیمتوں میں کمی اور 22 میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 57 روپے85 پیسے مزید مہنگا ہوگیا، یوں تھیلے کی اوسط قیمت 1222 روپے 7 پیسے ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے27 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کی اوسط قیمت 214 روپے 47 پیسے ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی 4 روپے 75 پیسے مہنگا ہوا، یوں اوسط فی کلو قیمت 342 روپے 66 پیسے ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق پیاز کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 92 پیسے کا ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ ٹماٹر 11 روپے 36 پیسے اور آلو 68 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کےدوران بیف 6 روپے 10 پیسے، لہسن 3 روپے 63 پیسے، دال مسور 3 روپے 65 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق تازہ دودھ، دہی، مٹن، دال چنا، چاول، دال ماش بھی مہنگی ہوئی جبکہ انڈے 6 روپے 29 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 2 روپے 53 پیسے فی درجن، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 49 روپے 70 پیسے سستا ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چاول، دال مونگ اور چینی کی قیمتوں میں کمی رونما ہوئی ہے۔
Comments are closed.