کراچی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت نے مہران ٹاؤن فیکٹری آتشزدگی کیس میں3 ملزمان کی حفاظتی ضمانت منسوخ کردی۔
ایک ملزم کی جانب سے احاطہ عدالت سے فرار کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ شرقی نے سانحہ مہران ٹاؤن کیس میں مکان مالک فیصل طارق، فیکٹری مالک علی حسن اور منیجر عمران زیدی کی حفاطتی ضمانت منسوخ کرکے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔
جس پر ملزم فیصل طارق نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے یہ کوشش ناکام بنادی اور تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
دوران سماعت ملزم کے وکیل نے کہا کہ عمارت میں کمرشل پی ایم ٹی نصب ہے، اگر اندرونی خرابی کی وجہ سے آگ لگی تو مالک مکان ذمہ دار نہیں۔
فیکٹری مالک کے وکیل کا موقف تھا کہ فیکٹری چلتی ہوئی حالت میں کرائے پر لی گئی، فیکٹری میں ہنگامی اخراج کا راستہ موجود تھا۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے رہائشی علاقے میں فیکٹری قائم کی تھی، حادثے میں 16 بے گناہ لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔
اس سانحے میں فیکٹری مالکان سمیت 6 ملزمان پر قتل بالسبب کے تحت مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
Comments are closed.