پیر10؍جمادی اوّل 1444ھ5؍دسمبر2022ء

موٹر وے ایم 1 صوابی تا رشکئی کھول دی گئی

دھند کی شدت کے باعث صوابی سے رشکئی تک بند کی گئی موٹر وے ایم 1 دھند کی شدت میں کمی کے بعد ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

پنجاب اور خیبر پختون خوا کے بیشتر میدانی علاقے آج بھی گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 2 لاہور سے سیال موڑ تک، لاہور ملتان موٹر وے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک جبکہ موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے درخانہ تک بند کر دی گئی ہیں۔

پنجاب بھر میں دھند کا راج ہے، ضلع حافظ آباد میں پنڈی بھٹیاں اور بھوبھڑا کے قریب دھند کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

لاہور اور اس کے گرد و نواح میں دھند اور اسموگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

موٹر وے پولیس نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.