جمعہ 25؍ذوالحجہ 1444ھ14؍جولائی 2023ء

مون سون کا نیا سلسلہ، کراچی میں بارش کا امکان

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 20 سے 22 جولائی کے درمیان مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق اس نئے سلسلے کے اثر انداز ہونے سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ خلیجِ بنگال سے پاکستان میں داخل ہو گا، کراچی میں بارشوں کی شدت کا اندازہ سسٹم کے قریب آنے پر ہو گا۔

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔

ادھر بلوچستان کے اکثر اضلاع میں مون سون بارش کا نیا سسٹم آج سے داخل ہو رہا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ نیا سسٹم 16 جولائی تک صوبے میں موجود رہے گا، جس کے تحت بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو اور لورالائی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ژوب، قلات، پنجگور، آواران اور خضدار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.