پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ مونس الہٰی نے پی ٹی آئی چھوڑنی ہے تو اپنی جماعت بنالیں، سیاست اپنی اپنی، یہ مونس الہٰی کا فیصلہ تھا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے معاملات بہتر ہوگئے ہیں، ہم سے نگراں وزیر اعظم کے لیے نہ کوئی نام مانگا گیا اور نہ ہی مشاورت ہوئی ہے، استحکام پاکستان پارٹی اور ن لیگ سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگ ہمیں جوائن کر رہے ہیں، پی ٹی آئی سٹی یوتھ ونگ گجرات کا صدر مسلم لیگ (ق) میں شامل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے قومی اسمبلی کی 15 سے 20 سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کریں گے، شہباز شریف سے ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں کے ساتھ مل کر چلیں گے۔ میں خود گجرات سے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑوں گا جبکہ سالک حسین گجرات اور چکوال سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے کہا چوہدری شجاعت حسین کی خواہش ہے کہ پرویز الہٰی جیل سے باہر آجائیں، چوہدری پرویز الہیٰ اور دیگر کے خلاف مقدمات میں انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔
Comments are closed.