بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مولانا مفتی طارق مسعود کا عازمین حج کے گروپ سے خطاب

معروف مبلغ اور عالم دین مولانا مفتی طارق مسعود نے عازمین حج کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب اللّٰہ تعالی کا حکم آجائے تو عقل و دلیل کی کوئی اہمیت نہیں، صرف اطاعت کی اہمیت ہے اور حکم بھی یہی ہے۔

مولانا مفتی طارق مسعود نے کہا کہ حج دین اسلام کا اہم رکن اور حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی سنت ہے جس میں انہوں نے شیطان کے بہکاوے اور اس کی تمام دلیلوں کو رد کرتے ہوئے اللّٰہ کے حکم پر لبیک کہا اور اپنی اکلوتی اولاد حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی قربانی اپنے رب کے حضور پیش کی، اللّٰہ تعالی کو اپنے پیغمبر کی قربانی اتنی پسند آئی کہ اللّٰہ تعالی نے اس قربانی کو قیامت تک کے لیے حج جیسی بڑی عبادت میں لازم کردیا۔

مفتی طارق مسعود نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام عازمین حج اپنے سفر حج کے بعد اپنی زندگی کا نیا سفر شروع کریں، اپنے کاروبار میں مزید ایمانداری پیدا کریں، لوگوں سے نرمی سے پیش آئیں، اپنی خواتین ماں، بیوی، بہن اور بیٹیوں کے ساتھ خصوصی شفقت کا سلوک کریں یعنی پوری دنیا کو حج کی سعادت کے حصول کے بعد آپ کے اندر ایمانی تبدیلی نظر آئے، کوشش کریں دکھاوے سے بچیں، والدین کے ساتھ نرمی اور فرمانبرداری کا مظاہرہ کریں۔

یاد رہے کہ مفتی طارق مسعود حج کی سعادت کے لیے مکہ مکرمہ میں موجود ہیں اور بہترین طریقے سے حاجیوں میں اپنے پُر اثر بیان کے ذریعے حرارت ایمانی پیدا کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس مرتبہ حج کے موقع پر پاکستان کے معروف علمائے کرام جن میں مفتی حسن صاحب، مولانا جلیل احمد اخون صاحب، مولانا شفیق الرحمٰن کشمیری صاحب، مولانا عبدالستار بیت السلام والے اور معروف خطیب مبلغ اور عالم دین مولانا ثوبان صاحب، دن رات عازمین حج میں اپنے بیانات سے حرارت ایمانی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ 

اس موقع پر عازم حج عبدالستار کاظم نے کہا کہ حج جیسی عظیم عبادت میں ان علمائے کرام کے خطاب سے عازمین حج کے جوش و خروش میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.