جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سوئیڈن میں قرآن کریم کی بےحرمتی کے خلاف احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے سوئیڈن میں قرآن کریم کی بےحرمتی پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئیڈن میں مسلسل قرآن کی بے حرمتی کی جا رہی ہے، اس عمل سے امت مسلمہ کے ہر فرد کے دل کو دکھ پہنچ رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ امت مسلمہ تورات، انجیل سمیت تمام آسمانی کتابوں کا احترام کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایسی اظہار رائے کو مسترد کر کے قوم سے احتجاج کی اپیل کی ہے، اتوار کو پورے ملک میں سوئیڈن کے رویے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 23 جولائی کو کراچی میں سب بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا، سوئیڈن کے خلاف کراچی کے مظاہرے میں بذات خود شریک ہوں گا، پوری قوم سڑکوں پر آ کر سوئیڈن کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے۔
Comments are closed.