پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صبح تک کارکنوں کو احتجاج روکنے کی ہدایت کردی ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صبح تک اراکین پارلیمنٹ اور ساتھیوں کو رہا نہ کیا گیا تو صبح 9 بجے کے بعد کارکنان پھر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پورا ملک اس وقت جام ہے اور کارکن سڑکوں پر ہیں، ہم اپنا دباؤ جاری رکھنا چاہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساتھیوں کے آزاد نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں پہلے سے مزید بڑے جذبے کے ساتھ سڑکوں کو بند کردیا جائے گا۔
میڈیا ٹاک کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ اگر آپ کو ہی گرفتار کرلیا گیا تو پھر کیا ہوگا؟ جس پر مولانا فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’پھر تو دمادم مست قلندر ہوگا‘۔
قبل ازیں جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت جے یو آئی کے ایم این ایز اور کارکنوں کو فوری رہا کرے اور اپنے طرزِ عمل پر معافی مانگے ورنہ کراچی سے چترال تک عوام سڑکوں پر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے رضاکار ایک ایک دو دو کی تعداد میں ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ آئے، پولیس نے دروازے کیوں توڑے، ہم نے طبلِ جنگ بجا دیا ہے، کسی قیمت پر ان کی دہشت گردی کو معاف نہیں کریں گے۔
Comments are closed.