جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ملاقات کی اور سیاسی صورت حال و نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کی گئی۔
بدھ کے روز مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ہونے والی ملاقات میں سردار اختر مینگل نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔
ذرائع کے مطابق اختر مینگل کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کی تشکیل میں ہمارے تحفظات کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا، ہمارے مخالفین کو چن چن کر عہدوں پر تعینات کیاجا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی بڑی جماعتوں کا یہ رویہ اتحاد کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کسی نئے سیاسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا اور اس ممکنہ عمل سے سیاسی عدم استحکام کا خطرہ ہے۔
امید ہے پی ڈی ایم اتحاد میں شامل تمام جماعتیں بشمول پیپلز پارٹی، اے این پی اور ایم کیو ایم ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے طے شدہ معاملات کی خلاف ورزی نہیں کریں گی اور ایک دوسرے کی جائز شکایات کا ازالہ کر کے ہی اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا۔
Comments are closed.