چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید نے معروف کشمیری رہنما، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اور بزرگ عالم دین مولانا محمد عباس انصاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مولانا عباس انصاری طویل علالت کے بعد منگل کی صبح اپنی رہائش گاہ واقع خانقاہ سوختہ نوا کدال سری نگر (مقبوضہ کشمیر) میں انتقال کرگئے تھے، مرحوم 86 برس کے تھے۔
اپنے تعزیتی بیان میں علی رضا سید نے کہا کہ مولانا عباس انصاری کے انتقال سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر مظلوم کشمیری ایک اہم اور فعال رہنما سے محروم ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مولانا انصاری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم حق خود ارادیت کے لیے کوشاں کشمیریوں کی ایک مؤثر آواز تھے اور بڑی بہادری سے انہوں نے کشمیریوں کے حقوق کے لیے انفرادی حیثیت سے اور دیگر کشمیری رہنماؤں سے مل کر جدوجہد کی جس کے لئے اُنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اپنے تعزیتی بیان میں علی رضا سید نے مزید کہا کہ ہمیں مولانا عباس انصاری کی موت کی خبر سے کافی صدمہ پہنچا ہے اور اس موقع پر ہم ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری دعا ہے کہ رب کریم مرحوم مولانا عباس انصاری کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
Comments are closed.